مقبوضہ کشمیرمیں ڈھونگ انتخابات کا انعقاد ایک لاحاصل اور بے سود مشق ہے، اشرف صحرائی

87

سرینگر ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے کہاہے کہ مقبوضہ علاقے میں ڈھونگ انتخابات کا انعقاد ایک لاحاصل اور بے سود مشق ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر میں جاری ایک بیان میں انہوں نے کشمیری عوام کی طرف سے بڑے پیمانے پر انتخابی ڈھونگ کے بائیکاٹ کو بھارت کیلئے چشم کشا قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں نام نہاد الیکشن کا انعقاد ایک لاحاصل فوجی مشق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کوئی سرحدی تنازعہ یانظم و نسق کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ ایک کروڑ پچاس لاکھ انسانوں کے سیاسی مستقبل کا مسئلہ ہے جس کے ساتھ پورے جنوبی ایشیا ءکے خطے کا امن وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک اس دیرینہ تنازعہ کو کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق حل نہیں کرلیا جاتا تب تک خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔