مقبوضہ کشمیر ،بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ 20کشمیریوں کو شہید کیا

61

سرینگر۔1دسمبر (اے پی پی):بھارت کےغیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ 20 کشمیریوں کو شہید کیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق قابض فوجیوں نے ان میں سے 8کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں یا دوران حراست شہید کیا۔اس دوران بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے پرامن مظاہرین اور سوگواروں پر گولیوں، پیلٹ گنز اور آنسو گیس سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کم سے کم 18افراد زخمی ہوگئے ۔

مقبوضہ علاقے میں تلاشی اور محاصرے کی209 کار ر وائیوں کے دوران 66شہریوں جن میں بیشتر نوجوان ، کارکن اور طلبا شامل تھے کو گرفتار کرلیاگیا۔ ان میں سے متعدد پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کا کالاقانون یو اے پی اے لاگو کردیاگیا ۔

ان شہادتوں کے نتیجے میں 3 خواتین بیوہ اور6 بچے یتیم ہو گئے۔بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ ایک مکان کو نقصان بھی پہنچایا ۔