مقبوضہ کشمیر ، بھارتی پولیس نے تحریک حریت کے رہنما میر حفیظ اللہ کو گرفتارکر لیا

160

سرینگر ۔ 19نومبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے تحریک حریت جموں وکشمیر ضلع اسلام آباد کے صدر میر حفیظ اللہ کو آزادی کے حق میں مظاہروں میں شرکت کی پاداش میں گرفتار کر لیا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میرحفیظ اللہ کو ضلع کے علاقے ہاکورہ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ آزادی کے حق میں ایک ریلی کی قیادت کر رہے تھے۔ ریلی کے شرکا اور بھارتی پولیس اہلکاروں کے درمیان اس موقع پرجھڑپیں ہوئی جبکہ قابض فورسز کے اہلکاروں نے لوگوں کو منتشر کرنے کیلئے فائرنگ کی اور آنسو گیس کے گولے داغے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے میر حفیظ اللہ کے خلاف 25جھوٹے مقدمات بنا رکھے ہیں۔