سرینگر۔05مئی (اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل آزادی پسند قیادت کو آج سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرنے سے روکنے کیلئے نظر بند کردیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے محمد یاسین ملک کے گھر پر چھاپہ مارکر انہےںگرفتارکرلیا اوربعد میں کوٹھی باغ پولیس سٹیشن منتقل کردیا ہے۔ قابض انتظامیہ نے میرواعظ عمر فاروق کو آج گھر مےں نظربند کردیا جبکہ سید علی گیلانی پہلے ہی گھر میں نظر بند ہیں۔۔ آزادی پسند قیادت کوسرینگر کے ایک ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرنا تھا جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشتگردی کے پےش نظر تحریک آزادی کو آگے بڑھانے کے حوالے سے لائحہ عمل کا اعلان کرنا تھا۔دریں اثناءسرینگر کے علاقے چھتہ بل اور اس کے مضافات میں بھارتی فورسز کی جانب سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے۔