سرےنگر ۔18 نومبر(اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے مقبوضہ علاقے کی اور بھارتی جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کوسیاسی اختلافات کی بنیاد پر جھوٹے مقدمات میں گرفتارکیا گیا ہے اور اب ان کی نظربندی کو اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے طول دیا جارہا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ وادی سے تعلق رکھنے والوں کی جموں خطے اور مختلف بھارتی ریاستوں کی دور دراز جیلوں میں رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی پسند قائدین، کارکنوں ا ور عام نوجوانوں کو پہلے جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا جاتا ہے جس کے بعد بغیر کسی ٹرائل کے انہیں برسہابرس تک نظر بند رکھا جاتا ہے جو انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے۔