چناری۔17جنوری (اے پی پی):وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ اگر مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں اور ریاستی دہشتگردی بند نہ ہوئی تو آزادکشمیر کی عوام خونی لکیر کو روند دینگے، پوری دنیا جانتی ہے مقبوضہ کشمیر سے اٹھنے والی تحریک حق خود ارادیت کی تحریک ہے اور اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔ پاکستان 70 سالوں سے کشمیریوں کو جو اونر شپ دے رہا ہے اس پر پاکستان کی سیاسی قیادت اور مسلح افواج کے شکرگزار ہیں۔ آزاد خطہ صرف آبادی اور رقبہ کا ہی نام نہیں بلکہ تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے یہی اسکی جوازیت بھی ہے۔ آزادکشمیر میں شہری آزادیاں، سہولتیں موجود ہیں اور یہ اس وجہ سے میسر ہیں کہ پاکستان کے عوام نے اپنا پیٹ کاٹ کر اپنے آزادکشمیر کے بھائیوں کو وسائل فراہم کیے ہیں۔
مودی کو چیلنج کرتا ہوں کہ ہم پوری دنیا سے مبصرین کو آزادکشمیر آنے کی دعوت دیتے ہیں تم بھی مقبوضہ کشمیر میں مبصرین کو جانے دو تاکہ دنیا کو پتہ چل سکے کہ آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں کیا فرق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چھم فال ہائیڈرو پاور اسٹیشن خاطر ناڑ جہلم ویلی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ بھارتی فوج کے بزدل سپہ سالار اور بھارتی وزیر دفاع نے وزیراعظم آزادکشمیر کا نام لیکر ہرزہ سرائی کی ہے، مقبوضہ جموں وکشمیر میں ریاستی دہشتگردی بند نہ ہوئی تو آزادکشمیر کی عوام خونی لکیر روند دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قلم کا اختیار اللہ کی امانت ہے، الفاظ کی ادائیگی بھی ضمیر کے مطابق نہ کی جائے تو اللّہ تعالیٰ کی پکڑ سے بچ نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ ضلع جہلم ویلی جون تک بجلی کی ضرورت میں خود کفیل ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سستی بجلی روزگار کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، جب بجلی کی ضرورت پوری ہوگی تو یہاں کاٹیج انڈسٹری کو فروغ ملے گا اور سیاحت بھی ترقی کریگی۔انہوں نے کہا کہ نڑ دجیاں پاور اسٹیشن کیلئے 20 کروڑ روپے کی ضرورت ہے جسے فراہم کروں گا، آزادکشمیر میں عوام کے منتخب نمائندوں کی حکومت ہے مقبوضہ کشمیر کی طرح کٹھ پتلی وزیراعلیٰ نہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہیلتھ پیکج عوامی ضرورت کی بنیاد پر دیا گیا، تعلیمی پیکج تیار کیا جارہا ہے،
آئندہ چند دنوں میں آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کے حوالے وژن پیش کر دیا جائیگا۔تحریک آزادی کشمیر اور اس کے بعد آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی ہماری ترجیح ہے،عوام کے ٹیکسز کا ایک ایک پیسہ عوام پر لگے گا اور میں اس بات کو یقینی بناؤں گا۔وزیراعظم نے کہاکہ درخت آنے والی نسلوں کی بقاء کی علامت ہیں۔ وزیراعظم نے پی ڈی او کے پراجیکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کو ایک ماہ کی بونس تنخواہ دینے کا اعلان بھی کیا۔