مقبوضہ کشمیر میں آج بھی حالات بہت کشیدہ ہیں‘ بھارتی افواج نے گزشتہ سترہ روز سے یہاں سخت ترین کرفیونافذ کر رکھا ہے‘ لوگ اپنے گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں، لوگوں کو غذائی قلت کا شدید سامنا ہے‘ بیمار ہو جانے والے افراد کو ادویات تک بھی دستیاب نہیں‘ میر واعظ عمر فاروق

124

اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج بھی حالات بہت کشیدہ ہیں اور بھارتی افواج نے گزشتہ سترہ روز سے یہاں سخت ترین کرفیونافذ کر رکھا ہے جس کے باعث لوگ اپنے گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں، لوگوں کو غذائی قلت کا شدید سامنا ہے جبکہ بیمار ہو جانے والے افراد کو ادویات تک بھی دستیاب نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ہم نے جنوبی کشمیر جانے کی کوشش کی تاکہ شہید ہو جانے والے کشمیریوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا جا سکے لیکن یہاں کی بھارتی انتظامیہ نے مجھے اور گیلانی صاحب کو گرفتار کر کے تھانے میں بند کر دیا اور پھربعد میں گھر لا کر نظر بند کر دیا گیا، بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ تو بدستور جاری ہے لیکن افسوس بھارتی قیادت یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ یہاں کے لوگوں کی آواز کیا ہے؟