21.6 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 3, 2025
ہومعلاقائی خبریںمقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو اُجاگر...

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو اُجاگر کرنے میں بیرون ملک آباد اوورسیزکشمیریوں کے بے مثال کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، بیرسٹر سلطان محمود

- Advertisement -

اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر زندہ رکھنے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو اُجاگر کرنے میں بیرون ملک آباد اوورسیزکشمیریوں کے بے مثال کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

اوورسیز کشمیریوں نے ہمیشہ دنیا کے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اُجاگر اور بھارتی مظالم پر انٹرنیشنل کمیونٹی کو آگاہ کیا ہے، کیونکہ بھارت نے 5اگست2019ء کے بعد سے لے کر اب تک مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ دئیے ہیں اور اب بھارت نے دنیا کے سامنے پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچا کر کشمیریوں پر جاری بربریت میں مزید اضافہ کر دیا ہے،اس لئے بیرون ملک آباد کشمیریوں کو مزید منظم اور متحرک ہو کر بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کو دنیا کے سامنے لانا ہو گا۔

- Advertisement -

ان خیالات کا اظہار صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے دنیا بھر سے آئے ہوئے اوورسیز کشمیریوں کے وفد سے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر وفد میں تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی،سابق مشیر چوہدری شعبان،برطانیہ سے راجہ نجابت حسین، گلاسکو سے راجہ حنیف، اٹلی سے بابر وڑائچ، دبئی سے سردا جاوید یعقوب، پاکستان مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے صدر عبدالرحمان،امریکہ سے عرفان الحسن،آئرلینڈ سے چوہدری ندیم اختر، امریکہ سے چوہدری احتشام الحق اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر ملاقات میں صدارتی مشیر سردار امتیاز خان بھی موجود تھے۔

صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بیرون ممالک مقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کریں اور کشمیریوں کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے متفق ہو کر اپنی جدوجہد کو آگے بڑھائیں کیونکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں پر مظالم جاری رکھے ہوئے ہے اور مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کر کے مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے اس سلسلے میں ہم سب کو متحرک ہو کر بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اُجاگر اورمقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کو دنیا کے سامنے آشکاراور عالمی رائے عامہ کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرا تے ہوئے بھارتی فسطائیت کا منہ توڑ جواب دینا ہو گا تاہم یہ تب ممکن ہے جب بیرون ملک آباد اوورسیز کشمیری مسئلہ کشمیر پر یکجان ہو کر دنیا کے طاقتور ایوانوں کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے اور ہر فورم پر مظلوم کشمیریوں کے حق میں اپنی آواز بلند کریں گے کیونکہ بھارت دنیا کے سامنے اپنے آپ کو سیکولر اسٹیٹ ظاہر کرتا ہے اور دنیا کو یہ باور کروانا چاہتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں سب اچھا ہے اور حالات معمول کے مطابق ہیں لیکن اصل حقائق اس کے برعکس ہیں۔

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے سے دنیااب واقف ہو چکی ہے کیونکہ بھارت ایک عالمی دہشت گرد کے طور پر دنیا کے سامنے آیا ہے جس کے واضح ثبوت کینیڈین وزیر اعظم نے کینیڈین پارلیمنٹ میں پیش کیے اور بھارت کو کینیڈا میں دہشت گردی کروانے پر جوابدہ ٹھہرایا۔

اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اوورسیز کشمیریوں کے وفد کو بتایا کہ ابھی پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے میں نے بیرون ممالک کا دورہ کرنا مناسب نہیں سمجھا اور میں امید کرتا ہوں کہ آپ لوگ واپس اپنے اپنے ملکوں میں جا کر مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالی اور کشمیریوں پر ظلم و جبر جیسے بھارتی مکروہ عزائم کو بے نقاب کریں گے۔ صدر ریاست آزادجموں وکشمیر نے مزید کہا کہ میں جلد بیرون ممالک کا دورہ کرکے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اُجاگر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر انٹرنیشنل کمیونٹی کو آگاہ کروں گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591251

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں