مقبوضہ کشمیر میں بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کے منصوبے پر عمل پیرا ہے ، مشعال ملک

96

اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن مشعال ملک نے ملائیشیاء کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے 2018 سے کشمیر کاذ اور انسانیت کیلئے عالمی سطح پر آواز اٹھانے پراعظمی عبدحامد اور انکے رفقاء کو مسیحا قرار دیا اور کہا کہ اعظمی عبدحامد دنیا بھر کے مظالم کے شکار افراد کیلئے امید کی کرن ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کے منصوبے پر عمل پیرا ہے اور حریت رہنمائوں کو بے جا قید میں رکھ کر کشمیریوں کےخون سے ہولی کھیل رہا ہے ۔

بھارتی سرکار ،فوج اور خفیہ ادارے کشمیریوں کے خون کے پیاسے ہیں۔ مشعال ملک نے ملائیشین کنسلٹیٹو کونسل آف اسلامی آرگنائزیشن (ایم اے پی آئی ایم) کے صدر اعظمی عبد حامد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملائیشیاء کے وفدکا خیر مقدم کیا اور کہا کہ کشمیری قوم بھارتی مظالم کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کرنے پر اعظمی عبد حامد اور انکی ٹیم کے شکر گزار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل غزہ کے مسلمانوں کیلئے بھی انہوں نے آواز بلند کی اور دنیا بھر کی مظلوم انسانیت کیلئے انکی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ ملائیشین کنسلٹیٹو کونسل آف اسلامی آرگنائزیشن اس سلسلے میں کشمیری عوام کیلئے امید کی کرن ثابت ہوسکتی ہے۔ مشعال ملک نے کہاکہ بھارت کی جانب سے مظلوم کشمیریوں پر ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر مظالم کا سلسلہ جاری ہے ، کشمیریوں پر ان کی زمین تنگ کی جا رہی ہےاور بھارتی سرکار قابض فوج کے ذریعے غیر کشمیریوں کو ریاست میں آباد کر کے کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے شوہر یاسین ملک اور دیگر حریت رہنمائوں کو سزائے موت دلانے کیلئے بھارت عدلیہ سے غیر قانونی اور غیر منصفانہ فیصلے کرائے جا رہے ہیں تاکہ کشمیری حریت تحریک کو کچلا جا سکے لیکن کشمیری عوام اپنے عزم اور حوصلے سے اپنے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر ملائیشین کنسلٹیٹو کونسل آف اسلامی آرگنائزیشن کے صدر اعظمی عبد حامد نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم غزہ کی صورتحال اور مسئلہ کشمیر کیلئے آسیان فورم پر بھرپور آواز بلندکرے گی اور رکن ممالک سے مطالبہ کرے گی کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے اپنی آواز بلند کریں۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت آسیان کی سربراہی ملائیشیاء کے وزیر اعظم ڈاکٹر انور ابراہیم کے پاس ہے اور ملائیشیاء کی حکومت ، عوام اور سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر یکساں موقف رکھتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشین کنسلٹیٹو کونسل آف اسلامی آرگنائزیشن کی طرف سے آسیان اور اس کے رکن ممالک کو خطوط ارسال کر رہے ہیں جس میں غزہ کی صورتحال اور مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کرنے اور مظالم کا سلسلہ بند کرانے کیلئے بھر پور کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ کشمیری عوام کو ان کی امنگوں کے مطابق اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عمل کرتے ہوئے حق خود ارادیت کا بنیادی حق دلایا جا سکے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کو بھی خط لکھا گیا ہے کہ جمہوریت کے علمبردار ہونے کا سب سے بڑا دعوے دار ہونے کے ناطے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے کشمیریوں کے خلاف مظالم کا سلسلہ بند کرائے اور بھارتی عدلیہ کے ذریعے نا انصافیوں اور کشمیری حریت رہنمائوں کو غیر قانونی سزائیں دینے کا سلسلہ بند کرائے ۔انہوں نے یاسین ملک اور دیگر حریت رہنمائوں کی غیر مشروط رہائی کیلئے کردار ادا کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کو بھی خط لکھا ہے اور ان سے کہا کہ وہ بھی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ اس کے علاوہ ملائیشین یوتھ فار کشمیر اور کشمیری کاکس کے نام سے بھی فورم قائم کئے جو مسئلہ کشمیر کیلئے عالمی سطح پر آواز بلند کرینگے۔