اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جی20ممالک کی کانفرنس میں چین سمیت پاکستان کے دوست ممالک کی عدم شرکت پاکستانی ذرائع ابلاغ اور دنیا کے 21 ممالک کے سفارتخانوں میں تعینات پریس قونصلرز کی کامیابی ہے جبکہ پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات چوہدری محمد شہباز بابر کا کہنا تھا کہ ہمارے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ صلاح الدین کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات چوہدری محمد شہباز بابر نے کہا کہ دنیا کے 21 ممالک میں وزارت اطلاعا ت کے مشنز کام کر رہے ہیں، یہ مشنز دفتر خارجہ کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں، اس وقت جی20 ممالک کے مقبوضہ کشمیر میں جاری اجلاس میں چین کی عدم شرکت ہمارے انہی مشنز اور صحافیوں کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
محمد ابو بکر کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری شہباز بابر نے کہا کہ پاکستان کا دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، ہم سب کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے سوال کے تحریری جواب میں وزارت اطلاعات و نشریات کی اندرونی اور بیرونی تشہیر کی تفصیلات اور طریقہ کار کے حوالے سے بتایا گیا کہ وزارت اطلاعات و نشریات ریاستی بیانیے کو فروغ دینے کی ذمہ دار ہے اور عوامی آگاہی کیلئے حکومتی پالیسیوں اور پروگراموں کی تشہیر کرتی ہے، قواعد و انصرام کار 1973 کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ قومی معاملات کی اندرونی تشہیر، پریس تعلقات بشمول صحافیوں کے وفود اور دیگر اطلاعاتی میڈیا، اخبارات کی صنعت کی ترقی کیلئے سہولیات کی فراہمی نیز حکومتی پالیسیوں اور سرگرمیوں سے متعلق معاملات پر ایجنسیوں اور میڈیا کے ساتھ روابط اور تعاون سے متعلق ریاستی الیکٹرانک میڈیا کو پالیسی رہنما اصول فراہم کرے۔ وزارت پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کے حوالے سے پالیسیوں، قوانین، قواعد اور انضباطی فریم ورک کی تشکیل اور ان پر عملدرآمد کی ذمہ داری ہے۔ یہ قومی ہم آہنگی کو بھی فروغ دیتی ہے اور ملک کے اندر اور بیرون ملک پاکستان کے مثبت، ترقی پسندانہ اور جمہوری تشخص کو اجاگر کرتی ہے۔
اس حوالے سے جو طریقہ کار اختیار کیا جاتا ہے اس کے مطابق وزارت کا پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں کو موثر تشہیر کیلئے وزارتوں اور وفاقی سرکاری اداروں کو پیشہ ورانہ معاونت فراہم کرتا ہے۔ پی آئی ڈی عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے حکومتی اقدامات سے متعلق میڈیا پر مہم چلاتا ہے، مثبت تشخص اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ یہ ریاست کے خلاف منفی پروپیگنڈے کا بھی مقابلہ کرتا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) سرکاری نیوز ایجنسی ہے جو قومی بیانیہ کو فروغ دینے کیلئے کام کرتی ہے۔ ڈی ای ایم پی ڈاکومنٹری بناتا ہے اور جرائد/پبلسٹی مواد کی اشاعت کرتا ہے، پی ٹی وی زیادہ سے زیادہ رسائی کے ساتھ واحد ورسٹائل قومی چینل ہے۔ پی سی بی مختلف زبانوں میں ریاست کے خلاف پروپیگنڈہ کے سدباب سے متعلق قومی نشرکار ہے، یہ تمام پلیٹ فارم مضبوط ڈیجیٹل نوٹ پرنٹس ہیں۔ وزارت کی سطح پر اندرون پبلسٹی، ونگ مذکورہ بالا پبلسٹی ایجنسیوں کے کام میں معاونت کرتا ہے، یہ اہم محکمہ ہے جو قومی بیانیہ کو فروغ دیتا ہے اور معاونت کے میڈیا پرسنز کے ساتھ باقاعدگی سے اجلاس کے ذریعے تمام میڈیا کے عہدیداران کو شامل کرتے ہوئے غلط معلومات اور جعلی خبروں کا قلع قمع کرتا ہے، سرکاری اقدامات اور پالیسیوں کی تشہیر کرتا ہے، مسئلہ کشمیر کواجاگر کرتا ہے۔ پیمرا کے ذریعے پبلک سروس میسج پہنچاتا ہے۔ کووڈ۔19 وبائی مرض کے دوران آگاہی مہم چلائیں، 1973 ء کے آئین کی گولڈن جوبلی کی تقریب اور کرتار پور راہداری مہم بھی چلائی۔ یہ شعبہ وزارت اطلاعات کے منسلک محکموں اور خود مختار اداروں کے ساتھ پالیسی ایڈوائس وضع کرتا ہے اور معاونت کرتا ہے۔ آئی پی ونگ کی جانب سے بھی وفاقی حکومت کی پروجیکشن/تشہیر میں بہتری لانے کے لئے میڈیا تنظیموں کے ساتھ رابطہ کیا گیا ہے اور پی ٹی وی سی، پی بی سی، اے پی پی سی، پی سی پی اور پیمرا کو پالیسی ہدایات فراہم کی گئی ہیں۔
آئی پی ونگ میڈیا کے نمائندہ اداروں جیسے پریس کلب، پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشنز ( پی بی اے)، آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی (اے پی این ایس) اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلس (پی ایف یو جے) وغیرہ کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔ بیرونی تشہیر کے حوالہ سے تفصیلات کے بارے میں بتایا گیا کہ بزنس قواعد 1973ء نظرثانی شدہ ترمیم کردہ ایڈیشن، 2021، آئٹم نمبر 16، انٹری۔11 کے تحت اس وزارت کو ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ (ای پی ونگ) کے ذریعے بیرون ملک پاکستان کے مثبت تشخص کو فروغ دینے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اس وقت وزارت اپنے انفارمیشن سیکشنز کے ذریعے 21 ممالک اور اسلام آباد میں ان کے ہیڈکوارٹرز (ای پی ونگ) میں سوشل اور بیرونی میڈیا کے استعمال سے حسب ذیل مقاصد کے حصول کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے۔
بیرون ملک پاکستان کے مقام کو مثبت طور پر اجاگر کرنا ہے، اہم بین الاقوامی امور پر بیرون ملک پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کرنا ہے، بیرون ملک حکومتی پالیسیوں اور اقدامات کی تشہیر کرنا ہے، بیرون ملک پاکستانی ثقافت، ورثہ اور پاکستان کی سیاحت کی صلاحیت کو فروغ دینا ہے۔ اس کے علاوہ غیر ملکی میڈیا کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ہے، غیر ملکی میڈیا میں اہم قومی تقریبات، کانفرنسز/سمٹ/سیشنز کی کوریج کا اہتمام اور سوشل میڈیا مہمات کا آغاز ہے۔
اس کے علاوہ غیر ملکی میڈیا میں خصوصی سپلیمنٹس/رپورٹ/آرٹیکلز/کالم/انٹرویو شائع کرنا،، سکالرز/دانشوروں/صحافیوں کے ساتھ قومی اور بین الاقوامی مسائل پر سیمینار/ویبنار کا اہتمام کرنا،پاکستان کے اندر اور باہر غیرملکی میڈیا کہ ساتھ وی وی آئی پیز کی بات چیت کا اہتمام ، غیرملکی اہم شخصیات کے ساتھ آنے والی میڈیا ٹیموں کو سہولت فراہم کرنا، غیرملکی میڈیا کے وفود کو مدعو کرنا اور ان کی میزبانی کرنا، پاکستان میں مقیم غیرملکی صحافیوں کو ویزا، ایکریڈٹیشن کارڈز کے اجراء کے ذریعے سہولت فراہم کرنا، پاکستان میں دستاویزی فلم کی تیاری کیلئے غیرملکی میڈیا ٹیموں کے ساتھ رابطہ کرنا، دوسرے ممالک میں پاکستانی فلموں/ڈراموں کی نمائش کرنا، سوشل/غیرملکی میڈیا کی نگرانی، پاکستان کے بارے میں منفی کہانیوں/رپورٹوں کا مقابلہ کرنا، میڈیا تعاون کے مفاہمت ناموں/غیرملکی/تنظیموں کے ساتھ معاہدوں کی کارروائی کرنا شامل ہے۔