سرینگر ۔ 5 اکتوبر (اے پی پی) مقبوضہ وادی کشمیر اورجموں خطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں ہفتہ کو مسلسل 62روز بھی فوجی محاصر ے کے باعث معمولات زندگی مفلوج رہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق چپے چپے پر بھارتی فوجیوں کی بھاری تعیناتی اور ذرائع مواصلات کی معطلی کے باعث لوگوںکو مسلسل شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے خلاف ایک خاموش احتجاج کے طور پر دکانیں، بازار اور تعلیمی ادارے بند جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے۔ دریںاثنا بھارتی تحقیقاتی ادارے ” انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ “ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما اور جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ کی جائیدار ضبط کر لی ہے۔