مقبوضہ کشمیر میں پاکستان اور آزاد کشمیر سے شادی کرنے والی خواتین شدید مشکلات کا شکار ہیں، مشعال ملک

51
مشعال ملک

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پاکستان اور آزاد کشمیر سے شادی کرنے والی خواتین شدید مشکلات کا شکار ہیں،جو خواتین مقبوضہ کشمیر میں موجود ہیں ،انہیں بھارتی حکومت ویزہ فراہم نہیں کر رہی۔

مشعال ملک نے کہا کہ مجھ سمیت کئی خواتین جن کی شادی مقبوضہ کشمیر میں ہوئی ہے انہیں بھی بھارتی حکومت ویزہ جاری نہیں کر رہی،کئی ایسے خاندان آزاد کشمیر اور پاکستان میں موجود ہیں جو سالوں سے اپنے پیاروں سے نہیں ملے،عالمی خواتین کی تنظیموں کو کیا کشمیری خواتین پر بھارتی مظالم نظر نہیں آتے۔

مشعال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کئی ایسی پاکستانی اور آزاد کشمیر کی خواتین موجود ہیں جو اپنے پیاروں سے ملنے کو ترس رہی ہیں،کیا دنیا کو بھارتی مظالم نظر نہیں آرہے،بھارت تمام حربے اپنانے کے باوجود بھی تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیری خاندانوں کو آپس میں ملانے کے لیے اقدامات کرے،ننھی رضیا کئی سالوں سے اپنے والد سے مل نہیں پائی،یاسین ملک تہاڑ جیل میں قید ہیں۔مشعال ملک نے کہا کہ یاسین ملک کو علاج معالجے کی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جارہیں،بھارتی حکومت انسانیت دشمن حکومت ہے۔