ملتان۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):ملک بھر کی طرح ضلع ملتان میں بھی 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کی زیر سرپرستی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سمینار اور ریلی کا انعقاد کیا گیا،سول سوسائٹی اورضلعی محکموں کے افسران سمیت طلبا نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بھارت نے 27 اکتوبر 1947 ء میں غیر قانونی طور پر جموں و کشمیر میں اپنی فوجیں داخل کیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقوں پر ناجائز قابض ہوگیا،بھارت نے گزشتہ 77 سالوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و جبر کا بازار گرم کر رکھا ہے،بھارتی فوج یلغار کرکے اب تک70 ہزار سے زائد کشمیریوں کو شہید کرچکی،بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں کرکے کشمیریوں کی زمینوں پر قبضے کررہا ہے،مہذب دنیا نے بھارتی مظالم پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے،انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے کشمیریوں کی حالت زار پر کب توجہ دیں گے؟
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیر کے حق میں منظور شدہ استصواب رائے کی قرار داد پر عمل نہیں کروا سکا، پاکستان کشمیری عوام کی آزادی کی جنگ میں اپنی اخلاقی و سفارتی حمایت سے ہر گز پیچھے نہیں ہٹے گا،کشمیریوں کا یہ پیدائشی حق ہے کہ وہ بھارتی چنگل سے آزادی حاصل کریں، بھارت کا کشمیر پرتسلط بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے،
طاقت کے بل بوتے پر بھارت کشمیریوں کو محکوم نہیں بنا سکتا،کشمیری عوام انصاف کے منتظر ہیں،پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔اس دوران شرکاء نے کمشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے جبکہ کشمیری عوام کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی۔