مقبوضہ کشمیر پر غیرقانونی بھارتی تسلط کے 77 سال مکمل ہونے پرنیشنل پریس کلب میں گول میز کانفرنس کا انعقاد

132
October 27 is Black Day
October 27 is Black Day

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غیر قانونی تسلط اور جارحیت کے 77 سال مکمل ہونے پر نیشنل پریس کلب اسلام آبادکی کشمیر کمیٹی اور کشمیر لبریشن سیل کے اشتراک سے این پی سی میں گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ بریڈ فورڈ کے لارڈ میئر چوہدری گلفراز، پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یٰسین، حریت رہنمایاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک،حریت رہنما فاروق رحمانی، فیض بخش نقشبندی، پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، این پی سی کے صدر اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی، نیشنل پریس کلب کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید خالد گردیزی،کشمیر لبریشن سیل کے راجہ خان محمد، نجیب الغفورسمیت نامور شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون نےاپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ بند کیا جائے کشمیریوں کو فی الفور حق خود ارادیت دیا جائے،پاکستان کی تکمیل کشمیر کی آزادی کیساتھ منسلک ہے، کشمیری 77 سالوں سے بھارتی ظلم و جبر برداشت کرتے چلے آ رہے ہیں،وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا،انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا سب سے دیرینہ ایشو ہے جس پر دونوں ممالک میں کئی جنگیں ہو چکی ہیں،جنوبی ایشیاء میں اس وقت تک امن نہیں آ سکتا جب تک مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ اور سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اورکشمیریوں کی خواہش کے مطابق حل نہیں نکالا جاتا، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انتخابی ڈھونگ رچا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ہے جسے مسترد کرتے ہیں،

مقبوضہ کشمیر میں عوام نے اسکی آئینی حیثیت کو دوبارہ بحال کرنے کیلئے ووٹ دیا ہے،پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا،کشمیر کے مسئلے کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے اہم اقدامات کر رہے ہیں،کشمیر کے حوالے سےمضبوط اور جامع پالیسی بنائی جائے گی،کشمیریوں کے بچوں کیلئے اسکالرشپ پروگرام شروع کئے جا رہے ہیں،ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں کشمیر اسٹڈی سنٹر بنائے جائیں گے،کشمیریوں کو انکا جائز حق اور شناخت ضرور ملے گی۔ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یٰسین کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر کو دنیا بھر میں بسنے والے کشمیر ی یوم سیاہ مناتے ہیں، بھارت جتنا مرضی زور لگا لے کشمیری اپنا حق رائے دہی اقوام متحدہ کی قرار داوں کے مطابق ضرور حاصل کرینگے،بھارت کے پہلے وزیر اعظم نےاقوام متحدہ سے کشمیر آزاد کرنے کا وعدہ کیا جو آج تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکا،کشمیری نوجوان شہید ہونے کے بعد پاکستانی پرچم میں دفن ہونا پسند کرتے ہیں،کشمیریوں کی جدوجہد آزادی تک جاری رہے گی۔

حریت رہنمافاروق رحمانی کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے 27 اکتوبر 1947 ء میں کشمیر پر غیر قانونی اور غاصبانہ قبضہ کیا،اس حوالے سے اقوام متحدہ اور سیکیورٹی کونسل میں درجنوں قراردادیں موجود ہیں،ایک اسرائیلی وزیر نے بھارت کو مشورہ دیا تھا کہ وہ بھی کشمیر میں وہی کچھ کرے جو اسرائیل فلسطین میں کر رہا ہے،مودی سرکار نے اس قبضے کو دوام بخشنےکیلئے تمام قوانین تبدیل کر دیئے ہیں،ہمیں مل بیٹھ کر اس حوالے سے فیصلے کرنا ہونگے ۔بزرگ حریت رہنما فاروق رحمانی نے کہا کہ بھارت اس مسئلے کو فوجی جارحیت سے حل کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن یہ اس کی غلط فہمی ہے،کشمیریوں نے تمام تر مظالم کے باوجود بھرپور انداز سے جدوجہد آزادی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور بھارت کسی صورت بھی اس جذبے کو کم نہیں کر سکتا۔

پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نےاین پی سی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین خالد گریزی اور کشمیر لبریشن سیل کو شاندار ایونٹ منعقد کرانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ رانا قاسم نے بحیثیت چیئرمین کشمیر کمیٹی ایسے اہم اقدامات اٹھائے ہیں جو اس سے پہلے کبھی نہیں اٹھائے گئے،جب تک ہمارے جسم میں خون کا آخری قطرہ باقی ہے ہم کشمیریوں کیساتھ کھڑے رہینگے،مشعال حسین ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انصاف نا پید ہے،کشمیری آزادی کی خاطر قربان ہورہے ہیں، دس لاکھ بھارتی فوج اور گیارہ خفیہ ایجنسیاں مقبوضہ کشمیر میں موجود ہیں،مقبوضہ کشمیر میں الیکشن کسی ڈرامہ سے کم نہیں،

الیکشن میں جمہوریت کا مذاق اڑایا گیا، عالمی مبصرین نےخود دیکھ لیا کہ بھارتی جارحیت کشمیر میں ستتر سال سے کیسے جاری ہے،حق خود ارادیت آزادی کے لئے جدوجہدجاری رہے گی،برطانوی پارلیمانی لارڈ میئر چوہدری گلفراز نےکہا کہ میرے حلقہ میں رہنے والی تمام کمیونیٹیز کا میں نمائندہ ہوں میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں میرے اندر کشمیر بستا ہے،ہم لندن اور برطانیہ کے کونے کونے میں اپنی مدد آپ کے تحت کانفرنسیں پروگرام کرتے ہیں ،بدقسمتی سے لندن میں مسئلہ کشمیر کےلئے بننے والی کمیٹیاں قائم نہیں رہتی ،کشمیر ہمارا گھر ہے، ہم دنیا کے کسی بھی حصہ میں رہیں ہمارا دل پاکستان اورکشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے،

صدر این پی سی اظہر جتوئی نے مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پریس کلب آزادی صحافت کا قلعہ ہے اورکشمیر کامسئلہ اجاگر کرنےمیں بھی سب سے آگے ہے،انشاء اللہ بہت جلد کشمیر کی آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا،سیکرٹری نیشنل پریس کلب اسلام آبادنئیر علی نے مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 77 سال سے کہہ رہے ہیں جنت کسی کافر کو ملی ہے نہ ملے گی ،ہمیں دنیا بھر میں آواز اجاگر کرنی ہو گی اورمسلسل بھارتی مظالم کا شکار عوام کی توانا آواز بننا ہوگا، چیئرمین کشمیر کمیٹی نیشنل پریس کلب اسلام آباد سید خالد گردیزی نے اپنےخطاب میں کہا کہ پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ کی قیادت میں نیشنل پریس کلب ہمیشہ ہی مظلوم کشمیریوں کی آواز بنا، یہ پاکستان کا واحد پریس کلب بھی ہے جس نے اس آواز کو موثر اور جاندار بنانے کے لئے کشمیر کمیٹی کا قیام عمل میں لایا۔تقریب سے سید فیض نقشبدی، راجہ خان افسر، نیب الغفور سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پرچئیرمین پارلیمنٹری کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نےکشمیر پر بھارتی غیر قانونی تسلط اور جاریت کے 77 سال مکمل ہونے پرملک گیر دستخطی مہم کا آغاز کر دیا،پاکستان بھر میں اس مہم کے دوران عوامی توسیقی دستخطوں کے ذریعے اقوام متحدہ تک پیغام پہنچایا جائے گا،حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے دستخطی مہم کی توثیق کی،تقریب کے شرکاء کے بازوں پر سیاہ پٹیاں بھی باندھی گئیں، تقریب کے آخر میں فاروق رحمانی نے دعا کرائی۔