مظفرآباد ۔14دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کا سارا نظام تحریک آزادی کشمیر کے لئے ہے، تحریک آزادی کشمیر اور تحریک تکمیل پاکستان کی منزل کے حصول تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، خون کے آخری قطرہ تک آزادی کی جنگ لڑیں گے، شہدا کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوتوا کے فلسفے سے خیر کی توقع کرنا فضول ہے، اب مذمتی بیانات سے بات آگے بڑھ چکی ہے، اگر ہم نے آنے والی نسلوں کو کچھ دے کر جانا ہے تو پھر ان کو آگے کی سوچ دینی ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کا رشتہ مملکت پاکستان اور پاکستانی عوام سے ہے ، یہ رشتہ کبھی کمزور نہیں ہوگا۔ مضبوط اور خوشحال پاکستان کشمیریوں کا مضبوط وکیل ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں سٹیٹس کو کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے۔آزادکشمیر کے وسائل صرف اور صرف عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ تحریک آزادی اولین ترجیحات میں شامل ہے، تمام وسائل تحریک آزادی کے لئے استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر موثر طریقے سے اجاگر کرنے کے منصوبہ بندی کی جائے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہندوستان کبھی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا، ہمیں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ اس موقع پر میں شہداء کشمیر کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور اس کے الحاق پاکستان تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے وزیراعظم پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوے کہا کہ ان کے بیس کیمپ کے دارلحکومت مظفرآباد کے دورے سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=419972