26.6 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںمقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ...

مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ عالمی قوانین کے منافی ہے، راجہ پرویز اشرف

- Advertisement -

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بھارتی حکومت کے 5 اگست 2019 کے مقبوضہ جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کے خلاف اپیلوں پر بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ جانبدارانہ اور عالمی قوانین کے منافی ہے۔

پیر کو فیصلے پر اپنے رد عمل پر مبنی بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دینا انتہائی افسوسناک ہے، بھارت کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں سے مسلسل بھاگ رہا ہے، بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے کشمیر عوام کے جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے برعکس ہے، کشمیری عوام گزشتہ 7 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے کشمیر کی آزادی کیلئے جدو جہد کر رہے ہیں، بھارت کی انتہا پسند حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدو جہد کو دبا نہیں سکتے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ کشمیری عوام نے کشمیر کی آزادی کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، بھارتی حکومت اور سپریم کورٹ کے متعصبانہ اور جانبدارانہ فیصلے کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے،

کشمیری عوام کی جدو جہد آزادی کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہونے تک جاری رہے گی، پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان کی پارلیمان تمام علاقائی اور عالمی فورم پر کشمیری عوام کی آواز کو اجاگر کرتی رہے گی، عالمی برادری سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کشمیر میں استصواب رائے کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=418809

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں