اسلام آباد۔24 جولائی(اے پی پی )وزیراعظم کے خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے تنازعہ کا حل صرف کشمیری عوام کے ذریعے ہی ممکن ہے اور بھارتی وزیر خارجہ ششما سوراج کے پاس اس کا کوئی حل نہیں ہے، بھارتی وزیر خارجہ کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اتوار کو سرتاج عزیز نے کہا کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری ہی کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے حوالے سے وعدہ کر رکھا ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی زیرنگرانی مقبوضہ کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا وقت قریب ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام فیصلہ کریں کہ انہیں پاکستان یا بھارت کے ساتھ رہنا ہے۔