کوئٹہ۔ 05 اگست (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ان کی آزادی کی جدوجہد میں غیرمتزلزل یکجہتی کیلئے آج 5 اگست یوم استحصال منا رہے ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کا بنیادی حق خودارادیت دیا جائے جو کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں درج حق ہے، پاکستان نے روز آول سے ہر انٹرنیشنل فورم پر کشمیریوں کی تمام جائز امنگوں کی نہ صرف حمایت کی ہے بلکہ کشمیریوں کے ساتھ ہونے والے وحشیانہ مظالم اور زیادتیوں کو بھی اجاگر کر رہا ہے۔
مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا مکمل قبضہ اور بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی تمام قوانین اور اقدار کی خلاف ورزی کر کے اپنے ظالمانہ چہرہ کو بےنقاب کیا۔ گورنر مندوخیل نے واضح کر دیا کہ عالمی برادری کو یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ کشمیریوں کی جدوجہد کوئی علاقائی تنازعہ نہیں ہے بلکہ ایک انسانی بحران ہے جو فوری حل کا مطالبہ کرتا ہے،ہمیں آزادی اور وقار کی خاطر کشمیریوں کی جانب سے دی گئی ان بےشمار قربانیوں کو بھی تسلیم کرنا چاہیے، ہم ایک روشن مستقبل کی طرف ایک راستہ بنا سکتے ہیں جو ان کی جدوجہد کا احترام کرے اور عالمی انسانی حقوق کو برقرار رکھے۔