مقبوضہ کشمیر کے پرامن لوگ سات دہائیوں سے بھارتی ظلم برداشت کر رہے ہیں ، وفاقی وزیر نجکاری عابد حسین بھایو کا یومِ استحصال کشمیر پر پیغام‎‎

62

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر نجکاری عابد حسین بھیونےکہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے پرامن لوگوں کو بھارتی ظلم برداشت کرتے ہوئے سات دہائیوں سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے۔ جمعہ کو یومِ استحصال کشمیر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ لاتعداد بھارتی فوج ہمارے کشمیری بہن بھائیوں کا استحصال کررہی ہے۔

وزارت نجکاری کی جانب سے جاری بیان میں عابد حسین بھیو نے کہا کہ بھارت 5 اگست کے غیرقانونی اقدامات سے کشمیریوں کی نسل کشی کرنا چاہتا ہے۔وزیر نجکاری نے کہا کہ بھارتی جبر کے باعث کشمیری بہن بھائیوں کا پوری دنیا سے رابطہ کٹ چکا ہے۔ انہوں نے کہا تمام پاکستانی اور حکومتی نمائندے بھارتی ظلم کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔

وزیر نجکاری نے کہا کہ عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی غیر قانونی قبضہ ختم کرانے کیلئے فوری آگے بڑھیں۔ عابد حسین بھیو نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو فوری بنیادی حقوق دئیے جائیں۔