اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):ملائشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کے تین روزہ دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے مابین تجارت، روابط، زراعت، توانائی اور حلال صنعت کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ جمعرات کو اپنے بیان میں منیجنگ ڈائریکٹر فیملی فوڈ پراڈکٹس شاہد عمران نے کہا کہ دورے کا اہم ترین پہلو تجارتی تعلقات کا فروغ ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان زراعت کے میدان میں تعاون کے فروغ کی بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے۔
دونوں ممالک اس شعبے میں اپنے تجربے اور مہارتوں کا تبادلہ کر سکتے ہیں جس سے برآمدات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حلال صنعت دونوں ممالک کے لیے ایک اہم شعبہ ہے جس میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ خاص طور پر سرٹیفیکیشن، سٹیڈرڈائزیشن اور نئی مارکیٹوں تک رسائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم انور ابراہیم کا دورہ دونوں ممالک کے مابین باہمی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
دوطرفہ تعاون اور مشترکہ اہداف کے ذریعے دونوں ممالک نہ صرف اپنی معیشتوں بلکہ پوری مسلم دنیا کو بھی فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اس شعبے میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کی بہت گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے سے تجارت اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ٹرانسپورٹ روابط اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری اور اشتراک کو بڑھانے پر بات چیت بھی متوقع ہے۔