ملائیشیا ، کوالالمپور میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی ، مظاہرین کے فلسطین کے حق میں نعرے

117
ملائیشیا ، کوالالمپور میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی ، مظاہرین کے فلسطین کے حق میں نعرے

کوالالمپور۔25اکتوبر (اے پی پی):ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیےریلی نکالی ، جس میں مظاہرین نے روایتی فلسطینی سکارف اور رومال اوڑھ رکھے تھے اور ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اٹھا ئے ہوئے تھے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریلی کے دوران مظاہرین نے فلسطین کو بچاو ، فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرو کے علاوہ دریا سے سمندر تک فلسطین آزاد ہو گا کے نعرے لگا ئے ۔

اظہار یکجہتی کے لیے اس بڑی ریلی کو ’’ ملائیشیا فلسطین کے ساتھ ہے‘‘ کا نام دیا گیا تھا۔ اس ریلی کا انعقاد دارالحکومت کے جنوب میں ایگزیاٹا ارینا سٹیڈیم میں کیا گیا ۔ جہاں 16ہزار نشستیں تھیں ، وزیر اعظم انور ابراہیم نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملائیشیا کے عوام کل بھی فلسطینیوں کے ساتھ تھے، آج بھی ساتھ ہیں اور آنے والے کل بھی فلسطینیوں کے ساتھ ہوں گے۔ملائیشیا کے عوام اس وقت بھی فلسطینیوں کے ساتھ تھے جب یاسر عرفات ایک آزاد فلسطین کے لیے جدوجہد کر رہے تھے اور آج بھی فلسطینیوں کے ساتھ ہیں،

ہم کسی خوف کے بغیر فلسطینیوں کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ انور ابراہیم نے کہا کہ یہ ظلم کی انتہا ہے لوگوں کے قتل عام کی کھلی چھٹی دے دی گئی ہے، بچے مر رہے ہیں۔

ہسپتالوں پر بمباری ہو رہی ہے، سکول تباہ کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اس کے علاوہ کچھ مطالبہ نہیں کرتے کہ فلسطینی عوام کو انسان سمجھا جائے، ۔ ان کےساتھ انسانوں والا سلوک کیا جائے، قتل عام روکا جائے، انہیں کھانا ،ادویات دی جائیں۔ فلسطینی بچوں کو جینے کا حق دیا جائے۔ کیا یہ مطالبہ زیادہ ہے ؟ ‘