ملائیشیا کی طرز پرافرادی قوت میں سرمایہ کاری کرکے پائیدار معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے،صدر فیصل آباد چیمبر

167
Khurram Tariq
Khurram Tariq

فیصل آباد۔ 07 اگست (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا ہے کہ ملائیشیا کی طرز پرافرادی قوت میں سرمایہ کاری کرکے پائیدار معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے ، اس ضمن میں ملائیشیا بھی پاکستان کی بھرپور معاونت کر سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان کاروباری و تجارتی روابط کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں جبکہ ملائیشیا کے صنعتکار بھی علامہ اقبال اور ایم تھری انڈسٹریل سٹیٹس فیصل آباد میں محفوظ سرمایہ کاری کرسکتے ہیں،اسی طرح ملائیشیا میں بھی پاکستانی سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں جبکہ اس ملک میں سرمایہ کاری سے آسیان بلاک کے 15 ملکوں کی وسیع مارکیٹ تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملائیشیا تیزی سے ہائی انکم اکانومی کی طرف سے بڑھ رہا ہے اور اس کے فوائد ملائیشیا کے عوام کو بھی مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کی حکومت نے افرادی قوت میں زبردست سرمایہ کاری کی ہے جس سے پائیدار معاشی ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ آسیان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دنیا کی 39 فیصد آبادی اس معاشی بلاک سے وابستہ ہے جس سے پاکستانی سرمایہ کاروں اور برآمد کنندگان کو بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔