لاہور۔2اکتوبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کا تین روزہ دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
بدھ کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس دورہ سے دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی تعاون خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت اور ٹیکنالوجی کے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی راہ ہموار ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران نئے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے جن کا مقصد تجارتی پورٹ فولیوز کو متنوع بنانا اور دونوں ممالک کے لیے عالمی مارکیٹوں تک رسائی میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان بڑھے ہوئے تعاون سے نہ صرف دوطرفہ تجارت کو تقویت ملے گی بلکہ وسیع تر علاقائی اقتصادی استحکام اور ترقی میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملائیشیا جنوب مشرقی ایشیا میں پاکستان کا اہم تجارتی پارٹنر ہے اور پام آئل، الیکٹرانکس اور آٹو موٹیو مصنوعات جیسے شعبوں میں مارکیٹ لیڈر ہے جبکہ دوسری طرف پاکستان سے ملائیشیا کو ٹیکسٹائل، زراعت اور خدمات میں برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔