اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمیشن میں ملائیشیا کے 68 ویں یوم آزادی (ہاری کبانگسان) روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، اس موقع پر پرچم کشائی کی تقریب ہوئی،ملائشیا کے ہائی کمشنر داتو محمد اظہر مظلان نے پاکستان کے ساتھ تجارت، بینکنگ سیکٹر، فوڈ ٹیکنالوجی، اور زراعت میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا- اتوار کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق تقریب میں ملائیشیائی اور پاکستانی برادری کے نمائندوں نے شرکت کی، پرچم کشائی کی تقریب میں ملائیشیا کے پاکستان میں ہائی کمشنر داتو محمد اظہر مظلان نے شرکاء سے خطاب کیا۔
انہوں نے ملائیشیا کی آزادی کے تاریخی سفر اور قوم کے بزرگوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے قوم کی تعمیر، شمولیت اور مشترکہ خوشحالی کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جو ملائیشیا کے عزم کا عکاس ہے۔تقریب کا آغاز ملائیشیا کا قومی پرچم لہرا کر اور قومی ترانہ "نگاراکو” بجا کر کیا گیا۔ اس موقع پر روایتی ملائیشیائی پکوانوں سے مہمانوں کی تواضع کی گئی ـ
یہ تقریب پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاس تھی جس میں مشترکہ ورثے اور ثقافتی روابط کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ دونوں ممالک کے مابین تعلقات نہ صرف تاریخی ہیں بلکہ ان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کا اظہار گذشتہ برسوں میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور معاہدوں سے ہوتا رہا ہے۔ دونوں ممالک نے تجارت، بینکنگ سیکٹر، فوڈ ٹیکنالوجی، اور زراعت میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
تقریب میں ملائیشیائی برادری اور ان کے پاکستانی رفقاء نے شرکت کی اور دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کی۔ ہائی کمشنر داتو محمد اظہر مظلان نے زور دیا کہ یہ تقریب بیرون ملک مقیم ملائیشیائی شہریوں میں یکجہتی کو فروغ دینے اور ملائیشیا-پاکستان تعلقات کو مضبوط بنانے کا ایک اہم باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات آنے والے سالوں میں مزید گہرے ہوتے رہیں گے۔
ملائیشیا کے قونصل جنرل نے اپنے خطاب میں ملائیشیا مدنی وژن کی اقدار پر زور دیا، جس میں امن، شمولیت، اور ہمدردی شامل ہے۔ یہ تقریب ملائیشیا کی ترقی اور بیرون ملک اس کے شہریوں کے اتحاد کی علامت اور دوطرفہ دوستانہ تعلقات کی مضبوطی کا عکاس تھی۔