26.5 C
Islamabad
جمعرات, ستمبر 4, 2025
ہومقومی خبریںملائیشیا کے 68ویں یوم آزادی کے موقع پراسلام آباد میں تقریب کا...

ملائیشیا کے 68ویں یوم آزادی کے موقع پراسلام آباد میں تقریب کا انعقاد ،وزیر مملکت بلال اظہرکیانی کی ملائیشیا کی قوم اور حکومت کو مبارکباد

- Advertisement -

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے ملائیشیا کے 68ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے ملائیشیا کے عوام اور حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں جن کی جڑیں تاریخ میں پیوست ہیں اور دونوں کے عوام ایک دوسرے سے گہری محبت اور یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ملائیشیا کے 68ویں یوم آزادی کے موقع پر بدھ کو یہاں اسلام آباد میں مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیرمملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر داتو اظہر مزلان نے اجتماع سے خطاب کیا۔وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ دونوں ممالک کی اعلی قیادت کے درمیان گہرے تعلقات ہیں اور وزیراعظم محمد شہباز شریف آئندہ اکتوبر میں ملائیشیا کا تاریخی دورہ کریں گے جو دونوں ممالک کے باہمی اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن دونوں ممالک کے درمیان عہد کی تجدید کا دن ہے اور ملائیشیا کی آزادی کے موقع پر دونوں ممالک مستقبل میں اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملائیشیا میں مقیم پاکستانی ملائیشیا کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ہمارے ہنر مند مزدور اور انجینئر ملائیشیا کے انسانی وسائل کے سرمائے کی ضرورت پوری کر رہے ہیں۔ پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر داتو اظہر مزلان نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ آج ملائیشیا کا 68واں یوم آزادی ہے اور یہ دن ملائیشیا کے عوام کو اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم اور حوصلہ دیتا ہے۔ہماری آزادی کا سفر 68 سال قبل آج کے دن 1957 میں شروع ہوا تھا اور پاکستان وہ پہلا ملک تھا جس نے آزادی کے بعد ملائیشیا کو تسلیم کیا تھا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ہمیشہ گہرے اور مضبوط رہے ہیں۔ملائیشیا نے سب سے پہلے 1957 میں کراچی میں اپنا سفارت خانہ کھولا تھا جسے بعد میں اسلام آباد منتقل کر دیا گیا تھا۔ہائی کمشنر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف آئندہ ماہ اکتوبر میں ملائیشیا کا دورہ کریں گے اور اس دورے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن دونوں ممالک کے درمیان پل کا کام کر رہے ہیں۔

- Advertisement -

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں