اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):ملائیشین کمیونیکیشن اینڈ ملٹی میڈیا کمیشن (ایم سی ایم سی) اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے اعلیٰ سطحی وفد نے ٹیلی نار پاکستان کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ یہ دورہ ایم سی ایم سی کےتعاون سے پی ٹی اے کے زیرِ اہتمام منعقدہ فائیو جی اور مستقبل کی کنکٹویٹی کے موضوع پر ریگولیٹری ماسٹرکلاس کے سلسلے کا حصہ تھا،
اس ماسٹرکلاس کا مقصد ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں عالمی سطح پر تعاون اور معلومات کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔ بدھ کوجاری بیان کے مطابق ٹیلی نار پاکستان کی جانب سے سینئر مینجمنٹ نے وفد کا خیرمقدم کیا اور کمپنی کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے رابطوں کو بہتر بنانے اور ڈیجیٹل سہولیات عام کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں فائیو جی ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل ترقی اور پاکستان میں انٹرنیٹ سہولیات کو دور دراز علاقوں تک پہنچانے پر بات چیت ہوئی۔ ٹیلی نار پاکستان کے سینئر نائب صدر کارپوریٹ افیئرز شان الحق نے اس موقع پر کہا کہ ٹیلی نار پاکستان جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈیجیٹل ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے، اس مقصد کے لئے مقامی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا انتہائی ضروری ہے،
ہمیں خوشی ہے کہ ہم اپنے تجربات اور کامیابیوں کو اس پلیٹ فارم پر شیئر کر رہے ہیں۔ملائیشیا اور پاکستان کے اداروں کا یہ اشتراک ڈیجیٹل ترقی کے سفر میں اہم قدم ہے، دونوں ممالک کا تعاون ایک ایسے مستقبل کی بنیاد رکھ رہا ہے جہاں عوام کو تیز اور جدید انٹرنیٹ کی سہولیات میسر ہوں گی، اپنی مہارت اور جدید سلوشنز کے ذریعے پاکستان میں ڈیجیٹل سہولتوں کو مزید آگے بڑھانے میں کردار ادا کرنا ٹیلی نار پاکستان کا عزم ہے۔