جلالپورپیروالہ انٹرچینج پر مسافر بس اورآئل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق، 6زخمی

232

اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):ملتان کے جلالپور پیر والہ انٹرچینج پرمسافربس اورآئل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں 20افراد جاں بحق اور 6زخمی ہوگئے۔ ریسکیو1122کے مطابق مسافر بس (ایل ای ایس۔1211)لاہور سے کراچی جارہی تھی کہ جلالپورپیروالہ کے قریب موٹروے پربے قابوہوکرآئل ٹینکر(ایل ڈی اے۔6)کے پیچھے جاٹکرائی جس سے دونوں کو آگ لگ گئی ، ریسکیو ٹیمیں موقع پرپہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں، تصادم کے نتیجے میں 20افراد موقع پرجاں بحق جبکہ 6زخمی ہوگئے۔

سی پی او ملتان ایم فائیو موٹروے جلالپور پیر والا کے قریب مسافر بس اور ٹرالر جائےحادثہ پر پہنچے۔جہاں انہوں نے پولیس اور ریسکیو کی جانب سے دی جانے والی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ایس پی صدر ڈویژن سلمان لیاقت بھی جائے حادثہ پر موجود تھے۔انہوں نے امدادی سرگرمیوں میں مصروف پولیس افسران کو ہدایت کی کہ اس سانحہ میں متاثر ہر شخص کی مدد کی جائے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حادثے میں شدید زخمیوں کونشترہسپتال منتقل کردیاگیا ہے ،اس حوالے سے نشترہسپتال اور جلالپور پیروالہ کے طبی مراکز میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔زخمیوں میں رضا شہزاد ولد سہیل شہزاد، رئیس ولدابراہیم، شعیب ولد غلام محمد، عرفان ولد محمد شبیر، فریحہ شاہ زوجہ شاہد بھٹی اور ماہین دختر شاہد بھٹی شامل ہیں، تاہم جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل تاحال جاری ہے۔

سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمداقبال نے موٹروے پر ہونےوالے ٹریفک حادثے پر اظہارافسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو مفت اوربہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حادثے میں جلنے والے زخمیوں کو برن یونٹ شفٹ کردیاگیاہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جاں بحق افراد کی شناخت کےلئے فوری اقدامات کیے جائیں اور نشترہسپتال میں جاں بحق افراد کی معلومات دینے بارے خصوصی کائونٹر قائم کیاجائے۔

بعد ازاں سی پی او ملتان نے نشتر ہسپتال اور برن یونٹ کا وزٹ کیا اور زخمی افراد کی عیادت کی۔انہوں نے نشتر ہسپتال میں موجود ڈی ایس پی عمر حیات لغاری کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں داخل زخمیوں کے ساتھ رہیں جہاں ضروری ہو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔

مسافر بس کو پیش آنے والے حادثے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور امدادی اداروں کے کارکنان جائے وقوع پر پہنچے اور انہوں نے زخمیوں کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔خرم شہزاد حیدر نے کہا کہ ہم اس سانحے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔