ملتان،دو پتنگ فروش گرفتار،ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دھاتی ڈور اور پتنگیں برآمد

60
kite sellers
kite sellers

ملتان۔ 12 فروری (اے پی پی):تھانہ شاہ رکن عالم پولیس نے ملتان میں پتنگیں بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر تین لاکھ سے زائد پتنگیں اور 10 ہزار دھاتی ڈور یں برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتارکر لیا۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے ایس ایس پی آپریشنز کامران عامر خان، ایس ایس پی انویسٹیگیشن رانا محمد اشرف، ایس پی سٹی حسن رضا کھاکھی اور ڈی ایس پی نیو ملتان راؤ محمد سلیم کے ہمراہ بدھ کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ تھانہ شاہ رکن عالم پولیس نے شاہ رکن عالم کے علاقہ میں پتنگیں بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی تین لاکھ سے زائد پتنگیں اور 10 ہزار دھاتی ڈور یں برآمد کر کے ملوث دو ملزمان بشارت اورمحمد علی کو گرفتار کر لیا ہے،

گرفتار ملزمان عرصہ دراز سے پتنگوں اور کیمیکل ڈور تیار کر کے نہ صرف ملتان بلکہ جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں میں سپلائی کر رہے تھے،گرفتار ملزمان پتنگ فروشی کے متعدد مقدمات میں سابقہ پولیس ریکارڈ یافتہ ہیں۔سی پی او نے کہا کہ پتنگ بازی ایک جان لیوا کھیل ہے جو قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتا ہے کیمیکل اور دھاتی ڈور کے باعث کئی حادثات رونما ہو چکے ہیں جن میں معصوم جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔۔

صادق علی ڈوگر نے مزید کہا کہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو اس جان لیوا کھیل سے دور رکھیں، پتنگ بازی، اس کی تیاری اور فروخت میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سی پی او ملتان نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ اگر کسی بھی علاقے میں پتنگ بازی یا پتنگوں کی فروخت کی اطلاع پائیں تو فوری طور پر پولیس کو مطلع کریں تاکہ انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔