ملتان،سی پی او خرم شہزاد حیدر نے بوہڑ گیٹ اور شاہ رکن عالم کی اہم مارکیٹوں میں سکیورٹی کیمروں کاافتتاح کردیا

135

ملتان۔20فروری (اے پی پی):سٹی پولیس آفیسر ملتان خرم شہزاد حیدر نے بازاروں اور مارکیٹوں میں سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تھانہ بوہڑ گیٹ اور تھانہ شاہ رکن عالم کی اہم مارکیٹوں میں سکیورٹی کیمروں کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پرمشیر وزیر اعلیٰ پنجاب و رکن پنجاب اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری،ایس ایس پی آپریشنز ملتان حسام بن اقبال، ایس پی سٹی ڈویژن احمد نواز شاہ، ایس پی گلگشت ڈویژن حسن جہانگیر،مرکزی چیئر مین انجمن تاجران ملتان خواجہ سلمان صدیقی اور انجمن تاجران کے دیگر ممبران بھی موجود تھے۔

سی پی او نے کہا کہ سکیورٹی کیمروں کے نصب کرنے سے بازاروں اور مارکیٹوں میں جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی،موجودہ صورتحال میں کرائم کنٹرول کرنے اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے تاجر برادری کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے ،ان کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

خرم شہزاد حیدر نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے تھانہ، سرکل اور ڈویژن کی سطح پر کمیٹیاں بنائی گئی ہیں تاکہ تاجر برادری کے تحفظات کو دور کیا جا سکے اور ان کے معمولی نوعیت کے معاملات کمیٹیوں کی سطح پر حل کیے جائیں۔