ملتان،شہید اے ایس آئی محمد اکبر کی نماز جنازہ ادا،پولیس دستے کی سلامی

137

ملتان ۔ 14 فروری (اے پی پی):ملتان پولیس کے شہید ہونے والے اے ایس آئی محمد اکبر کی نماز جنازہ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ بدھ کے روز پولیس لائنز میں ادا کی گئی۔ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران خان، آر پی او ملتان کیپٹن( ر) محمد سہیل چودھری، سی پی او صادق علی، ڈپٹی کمشنر رضوان قدیر،ملتان پولیس کے دیگر افسران و اہلکاروں ،شہید کے ورثاء اور سیاسی سماجی شخصیات سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی۔ جنازے کے شرکاء نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے اے ایس آئی کی دلیری اور بہادری کو داد شجاعت دیتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران خان نے نماز جنازہ میں شریک شہید کے ورثاء و دیگر رشتہ داروں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہید کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا مانگی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب نے واضح کیا کہ شہید کے لہو کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور اس وقوعہ میں ملوث ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل رات سوا بارہ بجے کے قریب تھانہ بی زیڈ کی ٹیم نے مقدمہ نمبر 126/24 بجرم 392 میں چاہ ڈھورے والا علاقہ تھانہ گلگشت ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈ کیا تو اے ایس آئی محمد اکبر نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے سیڑھی کے ذریعے چڑھے تو گھر میں موجود خاتون نے دیگر2ملزمان کے ساتھ مل کر اے ایس آئی محمد اکبر کو دھکا دے دیا جس سے وہ سیڑھی سے نیچے گر کر شدید زخمی ہوئے ۔زخمی حالت میں محمد اکبر اے ایس آئی کو نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے اور شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے۔