ملتان،پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی،ایک ہزار لیٹر غیر معیاری دودھ تلف کردیا

118
Substandard milk
Substandard milk

ملتان۔ 15 نومبر (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غیر معیاری دودھ کی بڑی سپلائی ناکام بناتے ہوئے ایک ہزار لیٹر سے زائد ملاوٹی دودھ تلف کر دیا۔ جمعے کو یہاں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشنز زبیر احمد اعجاز اور ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز طاہر سعید کی سربراہی میں دودھ بردار گاڑیوں کی انسپکشن کےلئے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کی گئی،دوران انسپیکشن 42 دودھ بردار گاڑیوں میں موجود آٹھ ہزار لیٹر سے زائد دودھ کی ٹیسٹنگ کی گئی،آٹھ دودھ بردار گاڑیوں کے سیمپل ٹھیک نہ ہونے پران میں موجود ایک ہزار لیٹر سے زائد غیر معیاری دودھ موقع پر تلف کر کے ہزاروں روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ دودھ میں پانی کی ملاوٹ، فیٹ اور قدرتی غذائیت کی کمی پائی گئی،ملاوٹ ثابت ہونے پر ایک ہزار لیٹر سے زائد دودھ تلف کر دیا،مذکورہ غیر معیار ی دودھ شہر اولیا کی مختلف دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا۔انہوں نے کہا کہ غیر معیاری دودھ کا استعمال انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے، صاف دودھ پہچانے کےلیے صوبے بھر میں روزانہ کی بنیاد پر ناکہ بندی کر کے ہزاروں لیٹر دودھ کی ٹیسٹنگ کی جاتی ہے،عوام ملاوٹ مافیا کی نشاندہی کر کے 1223 پر فوری اطلاع دیں،حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیاں کرنے سے ہر صورت روکا جائے۔انہوں نے کہا ہے کہ گھروں میں استعمال ہونے والے دودھ کو پنجاب فوڈاتھارٹی کے دفاتر سے مفت چیک کروایا جاسکتا ہے۔