ملتان، ضلعی انتظامیہ کا جعلی زرعی ادویات کے خلاف بڑا آپریشن، 5 ملزمان گرفتار

4

ملتان ۔ 26 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے جعلی زرعی ادویات کے خلاف بڑا آپریشن کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی عبدالسمیع شیخ نے حمید ٹائون نادر آباد پھاٹک میں کریک ڈائون کرتے ہوئےجعلی ادویات بنانے والی غیر قانونی فیکٹری پکڑی اور 5ملزم گرفتار کرلئے۔

Multan

کارروائی کے دوران محکمہ زراعت نے جعلی زرعی ادویات سے بھرا ٹرک اور 68272 کلو جعلی زرعی ادویات مالیت 20 لاکھ روپے بھی برآمد کی۔کریک ڈائون میں پیک شدہ ادویات، خام مال اور پیکنگ میٹریل قبضے میں لے لیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی عبدالسمیع شیخ نے کہا کہ ضبط کی گئی ادویات میں کارٹاب، مونومی ہپپو اور فپرونیل شامل ہیں جبکہ 5 افراد کو موقع پر گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔اے سی سٹی نے کہا کہ 7 زرعی ادویات کے نمونے تجزیہ کے لئے لیبارٹری بھجوا دیے گئے۔قبل ازیں اسسٹنٹ کمشنر سٹی کی نگرانی میں فیکٹری کو سیل کرکے تمام سامان قبضے میں لے لیا گیا۔