ملتان، ضلعی انتظامیہ کا جعلی و زائد المعیاد ادویات کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ

147

ملتان ۔ 15 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے جعلی و زائد المعیاد ادویات کے خلاف کریک ڈاون کا فیصلہ کیا ہے ،اس سلسلے میں میڈیکل سٹورز ،فارما کمپنیوں اور گوداموں کی انسپکشن کا حکم دیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے بغیر لائسنس ادویات کی خرید و فروخت پر بھاری جرمانے عائد کردیے۔

اجلاس میں جعلی و ممنوعہ ادویات رکھنے والے میڈیکل سٹورز کو بھی بھاری جرمانے و سزائیں سنائی گئیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف اور محکمہ صحت حکام نے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ نشہ آور انجکشن اور ادویات کی فروخت و سٹاک پر پراپرٹی سربمہر ہوگی۔ڈرگ انسپکٹرز تمام ادویات ساز کمپنیوں اور میڈیکل سٹورز کے لائیسنس چیک کریں۔محمد علی بخاری نے کہا کہ ڈرگ ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی پر ڈرگ کورٹ کیسز بھیجے جائیں گے۔