ملتان ۔ 07 مارچ (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ کی جانب سے غریب عوام کی امدادی رقم سے کٹوتی کرنے والے مزید 8 دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی تحصیلوں میں کریک ڈاؤن کیا اور ماہ رمضان میں مستحق خاندانوں کے لئے 10 ہزار روپے امدادی رقم میں سے کٹوتی کرنے والوں کی دکانیں سربمہر کرکے 8 دکاندار گرفتار کئے ۔
واضح رہے کہ ریٹیلرز دکاندار امدادی رقم نکلوانے والوں سے کٹوتیاں کر رہے تھے جس پر ڈپٹی کمشنر ملتان محمد علی بخاری نے ایکشن لیا اور 8 افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ، انکی ڈیوائسز قبضے میں لے لی گئیں اور دکانیں بھی سیل کر دی گئیں۔
ڈی سی ملتان کا کہنا ہے کہ مستحق افراد کا حق کھانے والے کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ،امدادی رقم میں کوئی شخص یا دکاندار کٹوتی کرے تو فوری شکایت درج کرائی جائے۔