ملتان، فہد ٹاؤن گیس دھماکہ کیس کا مرکزی مفرور ملزم گرفتار

118
سیالکوٹ پولیس کی کارروائی ،بھاری مقدار میں منشیات برآمد،3 ملزمان گرفتار

ملتان۔ 05 مارچ (اے پی پی):ملتان پولیس نے فہد ٹاؤن گیس دھماکہ کیس کے مرکزی مفرور ملزم کوگرفتار کر لیا۔ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ مظفر آباد پولیس نے بدھ کے روز کارروائی کرتے ہوئے فہد ٹاون گیس دھماکہ کیس کے مرکزی مفرور ملزم کو گرفتار کیا۔

ملزم غیر قانونی گیس ری فلنگ میں ملوث تھا،جس کے نتیجے میں ہونے والے خوفناک دھماکے نے کئی قیمتی جانیں لیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے،پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے دوران ملزم کو نامزد کیا تھا،تاہم ملزم نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر لی تھی۔چند روز قبل عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت خارج کر دی،جس کے بعد وہ فرار ہو گیا تھا۔

ایس ایچ او تھانہ مظفرآباد محمد رمضان گل نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مفرور ملزم کو گرفتار کیا۔ ملزم گیس مافیا کے ایک نیٹ ورک کا حصہ تھا،جو غیر قانونی گیس ری فلنگ کے دھندے میں ملوث تھا۔ملزم کے دیگر ملوث ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار ے جا رہے ہیں۔سی پی او ملتان نے ملزم کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کوسراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ دیگر تمام ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے،تاکہ مستقبل میں ایسے خطرناک حادثات کی روک تھام ہو سکے۔

واضح رہے کہ فہد ٹاؤن گیس دھماکہ کیس میں ملزم کے خلاف دفعات 302، 7ATA، 285، 286، 109 کے تحت مقدمات درج ہیں،ملزم عبوری ضمانت خارج ہونے کے بعد مفرور ہو گیا تھا، ملزم محسن ولد رفیق آرائیں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔