ملتان۔ 13 ستمبر (اے پی پی):ملتان تھانہ قادر پورراں کے علاقے بائی پاس قادر پورراں کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ڈکیتی اورراہ زنی سمیت متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ زیر حراست ملزم اقبال عرف بالی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا ۔
ترجمان ملتان پولیس کے مطابق منگل کو رات گئے تھانہ قادر پور راں پولیس ملزم محمد اقبال عرف بالی ولد محمد رفیق قوم حراں سکنہ موضع اوجھلا تحصیل کبیر والا کو بحراست برآمدگی کے لیے لے جارہی تھی۔
قادر پور راں بائی پاس پرملک شفیع راں کے باغ کے قریب 125 موٹر سائیکل پر سوار3 نامعلوم مسلح افراد نے اپنے ساتھی اقبال کو چھڑوانے کے لیے پولیس پر فائرنگ کر دی، پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی،ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے واپس فرار ہو گئے،فائرنگ کے دوران زیر حراست ملزم اقبال اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہو گیا جس کو علاج معالجے کے لیے نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
تھانہ قادر پور راں میں مزکورہ وقوعہ کا مقدمہ درج کر کے اور علاقے کی ناکہ بندی کرکے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ملزم اقبال عرف بالی تھانہ قادر پور راں ع دیگر تھانوں میں ڈکیتی، راہ زنی اور چوری سمیت متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=390054