ملتان۔ 06 اپریل (اے پی پی):ملتان پولیس نے تھانہ لوہاری گیٹ کے علاقے میں وائلڈ لائف ٹیم پر حملہ میں ملوث 08 افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد کے خلاف دہشت گردی، اقدام قتل اور کار سرکار میں مداخلت سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے گودڑی کے مقام پر جنگلی پرندوں کی غیر قانونی خرید و فروخت کو روکنے اور پرندوں کو اپنی تحویل میں لینے کے لیے کارروائی کی جس دوران 70 کے قریب دکانداروں نے مزاحمت کرتے ہوئے وائلڈ لائف ٹیم پر حملہ کر دیا اور فائرنگ شروع کر دی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کامران عامر خان کی زیر نگرانی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ آپریشن میں ایس پی سٹی ڈویژن مہر سعید احمد سیال، ڈی ایس پی دہلی گیٹ کبیر خان اور ایس ایچ او تھانہ لوہاری گیٹ راؤ علی حسن سمیت دیگر افسران ٹیم کا حصہ تھے۔ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578866