ملتان ۔ 10 مارچ (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے مستحق افراد کو ماہ رمضان المبارک میں نگہبان رمضان پیکج کے تحت امدادی رقوم کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایک لاکھ سے زائد خاندانوں کو ضلع بھر میں 10 ہزار روپے فی کس کے حساب سے تقسیم کا عمل جاری ہے ۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوامی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے امدادی رقوم کی تقسیم میں کٹوتی کرنے والے دکانداروں اور رٹیلرز کے خلاف گزشتہ روز ضلع بھر میں بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی عبدلسمیع شیخ نے ایم ڈی اے چوک کے علاقے میں مستحق افراد سے کٹوتی کرنے والے 2 دکانداروں کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ مقدمہ درج کرا کے قانونی کاروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے ۔
دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد نے بھی ایکشن لیتے ہوئے 3 سے زائد دکانداروں کو موقع پر مستحق افراد سے کٹوتی کرتے ہوئے گرفتار کیا اور قانونی کاروائی کا آغاز کیا۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے اس سلسلے میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ مستحق افراد کو ملنے والی امدادی رکوم میں کسی قسم کی کٹوتی کی اجازت نہیں دے گی ۔اس سلسلے میں تمام دکانداروں اور موبائل کمپنی کے نمائندوں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ تمام افراد کو 10 ہزار روپے کی پوری رقم فراہم کی جائے۔