ملتان۔ 08 جون (اے پی پی):کمشنر ملتان مریم خان کی ہدایت پر ڈویژن بھر میں 22 عارضی مویشی سیل پوائنٹس قائم کر دئیے گئے۔ہفتہ کو کمشنر ملتان کی زیر صدارت عید الاضحیٰ کے سلسلہ میں انتظامات بارے اجلاس کا منعقد ہوا۔جس میں ڈپٹی کمشنرز اورمتعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے عید الاضحیٰ کے حوالے سے اپنے اپنے اضلاع میں کئے گئے انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر کمشنر ملتان مریم خان نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحیٰ پر صفائی کے بہترین انتظامات کےلئے سٹاف فیلڈ میں موجود رہے،شہروں کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی صفائی،تزئین و آرائش پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ محکمہ صحت،میونسپل کارپوریشن سمیت تمام متعلقہ ادارے مویشی منڈیوں میں کیمپ لگائیں گے،جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے ویسٹ کلیکشن پوائنٹس قائم کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں عارضی مویشی سیل پوائنٹس شہری حدود سے باہر قائم کئے گئے ہیں،جس کا بنیادی مقصد جگہ جگہ جانوروں کی خریدوفروخت کو روکنا اور ایک ہی جگہ پر بڑے چھوٹے مویشیوں کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے،عارضی مویشی سیل پوائنٹس 12 ذوالحج تک مکمل فعال رہیں گے۔
کمشنرنے کہا کہ مویشی منڈیوں و عارضی سیل پوائنٹس کے داخلی و خارجی راستوں پر جانوروں کیلئے چیچڑ سپرے پوائنٹ قائم کئے جارہے ہیں،محکمہ لائیو سٹاک جانوروں پر کانگو وائرس سپرے کرنے کا ذمہ دار ہوگا،شہری علاقوں میں قربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت پر سخت پابندی عائد ہوگی۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مویشی منڈیوں میں ہلکے رنگ اور کھلے کپڑے پہن کر جائیں،جانوروں کی خریداری اور قربانی کے موقع پر شہری حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔