ملتان، ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کا عوامی خدمت ریونیو کچہری کا انعقاد، شہریوں کی درخواستوں پر موقع پر ریلیف فراہم کیا

19
ملتان ۔ 02 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ماہ کے آغاز میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے ،اس سلسلے میں مسلسل دوسرے روز بھی کھلی کچہری میں شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کھلی کچہریوں کے ذریعے عوامی مسائل کا فوری حل انتظامیہ کی ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے رضا ہال میں منعقدہ عوامی خدمت ریونیو کچہری کا انعقاد کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابو بکر ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی عبدلسمیع شیخ اور ریونیو افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے پراپرٹی امور پر شہریوں کی درخواستوں پر موقع پر ریلیف فراہم کیا۔کھلی کچہری میں 100 سے زائد شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کھلی کچہریوں کے ذریعے عوامی مسائل حل کررہے ہیں،کھلی کچہری میں تمام ریونیو افسران ایک چھت تلے عوامی خدمت کیلئے موجود ہوتے ہیں۔وسیم حامد سندھو نے کہا کہ ہر ماہ کے آغاز میں دو روز کھلی کچہری کا انعقاد کیا جائے گا۔ قبل ازیں شہریوں نے کھلی کچہری میں مسائل حل ہونے پر ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔