ملتان:نشتر2 میں تیز آندھی کے باعث زیر تعمیر دیوار گرگئی،دومزدورجاں بحق،تین زخمی

161
ملتان:نشتر2 میں تیز آندھی کے باعث زیر تعمیر دیوار گرگئی،دومزدورجاں بحق،تین زخمی

ملتان۔ 06 جون (اے پی پی):ملتان نشتر 2 میں تیز آندھی کے باعث زیر تعمیر دیوار گرنے سے دو مزدور جاں بحق اورتین زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز شام پانچ بج کر 15 منٹ کے قریب تیز آندھی کے باعث پرانا شجاع آباد روڈ پرنشتر ہسپتال فیز 2 کی زیر تعمیر مشرقی سائیڈ کی دیوار گرگئی۔

جس کے باعث دو مزدرو اسد عباس ولد ملازم حسین اور علمدار حسین ولد عاشق حسین موقع پر جاں بحق جبکہ محمد جاوید ولد غلام شبیر،شاکر ولد غلام یاسین اورغلام مرتضی ولد اللہ بچایا زخمی ہوگئے۔زخمی ہونے والے مزدروں میں سے ایک شدید زخمی مزدور کو نشتر ہسپتال ون اور دو زخمیوں کو نشتر ہسپتال 2 منتقل کیا گیا،جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے۔

موقع پر موجود افراد کے مطابق مذکورہ جاں بحق اور زخمی ہونے والےافراد نشتر ہسپتال 2 کی زیر تعمیر دیوار پر مزدروی کا کام کر رہے تھے کہ آندھی آگئی۔آندھی سے بچنے کیلئے مزدور دیوار کے ساتھ لگ کر بیٹھ گئے اور تیز رفتار اندھی کے باعث دیوار ان پر آن گری۔جس کے باعث دو مزدور موقع پر جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔جاں بحق مزدروں کی لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔