ملتان۔ 06 ستمبر (اے پی پی):ملتان سمیت پورے جنوبی پنجاب میں بھی یوم دفاع پاکستان جوش وخروش اوراس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ پاکستان کی سلامتی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔اس موقع پرمختلف تنظیموں کے زیراہتمام سیمینار اورتقریبات منعقدہوئیں جن میں مختلف مقررین نے اظہارخیال کیا۔
یوم دفاع پاکستان کے موقع پرکمشنر ملتان انجینئر عامر خٹک نے کہاکہ یوم دفاع دشمن کے خلاف ایک ہونے کادن ہے ،مادر وطن کے لئے شہداکی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ،یہ دن ہماراعزم مضبوط کرتاہے ۔ان کا کہنا تھا کہ آج کادن قومی سطح پرشکرانے کادن ہے ،ہماری مسلح افواج نے دشمن کے ارادے خاک میں ملائے ،پاک فوج کو آج کے دن فتح نصیب ہوئی اورذلت دشمن کامقدرٹھہری ۔انہو ں نے کہاکہ قوم کے بہاد ربیٹوں نے اپنے سے چارگنا بڑے دشمن کونشانے عبرت بنادیا۔ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان ہمارا غرور اورپاکستانیوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں ،میں اپنے جانباز سپاہیوں ،شہدا اورغازیوں کوسلام پیش کرتاہوں ۔