ملتان ، 747 سکولوں کو اس ماہ کے آخر تک شمسی توانائی پر منتقل کر دیا جائیگا، گورنر پنجاب

50

ملتان۔10جولائی (اے پی پی):گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک کے ہمراہ نیا پنجاب سکول سولرائزیشن پروگرام کا گورنمنٹ پرائمری سکول بستی مان والا میں افتتاح کیا۔ اس پروگرام کے تحت ضلع ملتان کے 747 سکولوں کو اس ماہ کے آخر تک شمسی توانائی پر منتقل کر دیا جائیگا جبکہ اس منصوبے کے تحت اب تک ضلع ملتان کے 664 سکولز شمسی توانائی پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔

گورنر پنجاب نے صوبائی وزیر توانائی پنجاب کے ہمراہ وہاڑی روڈ تا بستی مان پختہ سڑک کی تعمیر کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر بستی مان میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت تعلیم و صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور قانون کی حکمرانی کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں اس سال کے آخر تک پنجاب کے تمام لوگوں کو ہیلتھ کارڈز جاری کر دئیے جائیں گے جس سے علاج معالجے کی مفت سہولت مل سکے گی۔ جبکہ تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کو شمسی توانائی پر منتقل کر کے سولر پنجاب کے خواب کی تعبیر کا حصول ممکن بنایا جا رہا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ بہترین تعلیمی ماحول کی فراہمی طلبا کی استعداد کار میں اضافے کا سبب بنتی ہے اس مقصد کیلئے پنجاب حکومت نے تمام تعلیمی اداروں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو عصری سہولیات دیکر ہی قوم کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔ معیاری اور اعلیٰ تعلیم کی فراہمی اور فروغ حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے سے حکومتی اخراجات میں کمی واقع ہو گی۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے وسائل کا رخ عوامی مسائل کے حل کی طرف موڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہری ترقی کیساتھ ساتھ دیہی اور مضافاتی علاقوں کو جدید اور ترقی یافتہ بنانے کے لئے کوشاں ہے اور رابطہ سڑکوں کی تعمیر سے ترقی کی نئی راہیں نکلیں گی۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر حلقہ پی پی 219 میں دو واٹر فلٹر پلانٹس لگانے کا بھی اعلان کیا۔