ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں شدید گرمی کی لہر برقرار ،سڑکوں پر لوگوں اور ٹریفک کا رش نہ ہونے کے برابر ہے

22
Dry weather
Dry weather

ملتان۔ 10 جون (اے پی پی):پنجاب بھر کی طرح ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے ،سڑکوں پر لوگوں اور ٹریفک کا رش نہ ہونے کے برابر ہے ۔ ترجمان محکمہ موسمیات ڈاکٹر محمد ارشد نے اے پی پی کو بتایا کہ ملتان میں آج (منگل کے روز )درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے،یہ شدت 3 سے 4 دن مزید برقرار رہے گیجو بعد ازاں صرف 2 سے 3 ڈگری کم ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ جون کے آخری ہفتے تک مون سون بارشوں کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی آ سکتی ہے۔

دوسری طرف ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ اس شدید گرمی میں گھر سے غیر ضروری نہیں نکلنا چاہیے ،اگر گھر سے نکلنا ضروری ہو تو احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کرنی چاہئیں۔ فیملی فزیشن ڈاکٹر عبدالسمیع نے بتایا کہ زیادہ سے زیادہ پانی پینا،مشروبات کا استعمال ،گردن اور سر کو ڈھانپنا ،دن میں کم از کم دو بار نہانا بہت ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس شدید گرمی میں بچوں کو محفوظ کرنا والدین کی ذمہ داری ہے ،انہیں دوپہر کے اوقات میں گھر سے باہر بالکل نہ نکلنے دیں۔علاوہ ازیں بلڈ پریشر اور دیگر امراض میں مبتلا افراد کو بھی بہت احتیاط کی ضرورت ہے،کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کی صورت میں قریبی ڈاکٹر یا ہسپتال سے رجوع کریں