ملتان۔ 18 مئی (اے پی پی):ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے، دوپہر کے وقت درجہ حرارت 41 درجہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق یہ درجہ حرارت شام کے اوقات میں3 بجے کے بعد 43 رہنے کی توقع ہے۔ڈاکٹرز اور ماہرین صحت نے ہیٹ ویو کے خطرے کے پیشِ نظر شہریوں کو غیر ضروری گھر سے باہر نکلنے سے منع کردیا ۔
ماہرین صحت نے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ باہر نکلتے وقت سر اور گردن کو ڈھانپ کر رکھا جائے۔ڈاکٹر عبدالسمیع نے ’’اے پی پی ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ گرمی کی یہ لہر انسانی صحت کےلئے خطرناک ہے۔اس لئے احتیاط ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹھنڈا پانی،مشروبات اور دیگر ٹھنڈی اشیاء کا استعمال زیادہ سے زیادہ کرنا چاہئے، کھلی اور کٹی ہوئی اشیاء کو کھانے سے گریز کرنا چاہئیے۔ڈاکٹر عبدالسمیع کا مزید کہنا تھا کہ شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں قریبی ڈاکٹر یا ہسپتال سے رجوع کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598383