ملتان۔ 21 دسمبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عظمیٰ کاردار نے کہا ہے کہ ضلع ملتان اپنی جغرافیائی حدود کے باعثِ پولیو کے حوالے سے حساس ہے،ملتان ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت پولیو کی روک تھام کیلئے مزید سخت اقدامات کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں پولیو سے متعلق ہونے والے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے محکمہ صحت کی پولیو مہم بارے بریفننگ دی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف اور اسسٹنٹ کمشنرز سیمت دیگر شریک تھے۔عظمیٰ کاردار نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی پولیو فری پنجاب کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی ہے،وزیراعلی پنجاب کی ہدایات پہ فیلڈ وزٹ کئے جارہے ہیں،حالیہ پولیو مہم میں 100 فیصد بچوں کو پولیو قطرے پلائے گئے ہیں،اکتوبر کی پولیو مہم اور حالیہ پولیو مہم کےنتائج بہت اچھے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیو قطرے پلانے سے انکار کرنے کے 16 کیسز رپورٹ ہوئے جن کو فوری کور کر لیا گیا،پولیو کیسز کی روک تھام کیلئے دیگر صوبوں سے نقل و حرکت کی مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے،دیگر صوبوں میں پولیو کیسز کے باعث پنجاب حکومت سخت اقدامات پر عمل پیرا ہے۔وزیر اعلی کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو نے کہا کہ ضلع ملتان اپنی جغرافیائی حدود کے باعثِ پولیو کے حوالے سے حساس ہے،
حالیہ پولیو مہم کے دوران 10 لاکھ 20 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانا قابل تحسین ہے،ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت پولیو کی روک تھام کیلئے مزید سخت اقدامات کریں۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے پانچ روزہ پولیو مہم کے دوران تمام اہداف حاصل کئے،
محکمہ صحت نے تمام بچوں کا مکمل ڈیٹا تیار کرکے ویکسین کا عمل مکمل کیا،یونین کونسلز کی سطح پر تمام گھروں کی پولیو کے حوالے سے تھرڈ پارٹی سکریننگ کرائی گئی۔عظمی کاردار نے پولیو مہم کے حوالے سے ملتان ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔