ملتان میں انٹرنیشنل والنٹیئر ڈےکے موقع پر شاندار ایونٹ کا انعقاد

214

ملتان ۔ 06 دسمبر (اے پی پی):ملتان میں انٹرنیشنل والنٹیئر ڈےکے موقع پر شاندار ایونٹ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان ام فروا ہمدانی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان عبدالعزیز خان، محکمہ سوشل ویلفیئر ملتان کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز صاحبان، محکمہ سوشل ویلفیئر کے اہلکاران، مختلف این جی اوز کے نمائندگان، والنٹیرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان میڈم ام فروا ہمدانی نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا

کہ رضا کاروں کا دن منانے کا مقصد رضاکاروں کی خدمات کا اعتراف کرنا، ان کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ان کی بے لوث خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے والے اور دوسروں کی ضرورت پوری کرنے کی طاقت رکھنے والے افراد معاشرے میں بہت کم ملتے ہیں، یہ دن آج ہم ان باہمت رضاکاروں کی یاد میں منا رہے ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں شہری اور دیہاتی علاقوں میں بے لوث خدمت کی خاطر اپنی زندگی وقف کر رکھی ہے اور بغیر کسی لالچ کے انسانوں کی خدمت کررہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا۔