اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):ملتان میں جاپان کی مدد سے گرانٹ ایڈ پراجیکٹ "دی پراجیکٹ فار اپ گریڈنگ سیوریج اینڈ ڈرینج سروسز ان ملتان” کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچ گیا ہے ، اس منصوبے کے لئے جاپان کی حکومت نے 1.236 بلین ین کی گرانٹ فراہم کی تھی ۔ اس حوالے سے جمعرات کو تقریب کا انعقاد کیا گیا۔پاکستان میں جاپان کے سفیر اکا متسو شیوچی جاہیکا ،پاکستان کے چیف نمائندے ناہوکی میاتا اور خالد رضا خان، منیجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی ملتان نے تقریب میں شرکت کی۔
ملتان میں گندے پانی کے اخراج کی مقدار اور آبادی میں اضافہ کے باعث پیدا ہونے والے کوڑے کے باعث سیوریج کے پائپوں کی نکاسی کی گنجائش کم ہو گئی ہے،نتیجتاً شہر کی سڑکوں پر سیوریج اکثر اوور فلو ہو جاتا ہے جس سے سڑکیں بند ہو جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ ملتان کے سیوریج میں پولیو وائرس کی موجودگی کے بعد سیوریج سے انفیکشن کا خطرہ ہے۔اس طرح شہری سیلاب کے مسئلے کو حل کرنا صحت اور حفظان صحت کے نقطہ نظر سے ایک فوری مسئلہ ہے،اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے جائیکا نے واسا ملتان کو اس گرانٹ ایڈ پراجیکٹ کے تحت ہائی پریشر کی صفائی کرنے والی گاڑیاں، سلج سکشن گاڑیاں، اور نکاسی آب کے پمپس فراہم کئے جو سیوریج کے پائپوں اور نکاسی آب کے چینلز کی دیکھ بھال اور انتظام کے لئے ضروری ہیں۔
واسا ملتان فراہم کردہ آلات کو سیوریج کے پائپوں اور نکاسی آب کے راستوں کو صاف کرنے کے لئے استعمال کر رہا ہے جس سے شہر میں سیوریج کے بہاؤ کو روکنے اور صفائی کے ماحول کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔یہ پراجیکٹ SDG گول 6 "سب کے لئے پانی اور صفائی ستھرائی کی دستیابی اور پائیدار انتظام کو یقینی بنائیں۔” کو حاصل کرنے میں معاون ثابت ہو گا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی سفیر نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ جاپان کے اس منصوبے کے تحت نصب تمام آلات کو پائیدار طریقے سے استعمال کیا جائے گا اور حاصل کردہ مہارت اور تجربہ ملتان کے لوگوں کو فائدہ دے گا۔جائیکا پاکستان کے چیف نمائندے میاتا نے ریمارکس دیئے کہ انہیں امید ہے کہ یہ منصوبہ ملتان کے لوگوں کے لئے زندگی کے ماحول کو بہتر بنائے گا۔اس گرانٹ ایڈ پراجیکٹ کے ذریعہ حکومت جاپان اور جائیکا پاکستان میں شہری صفائی کے ماحول کو بہتر بنانے کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587324