ملتان۔ 25 جنوری (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر)محمد سہیل چودھری نے کہا ہے کہ 752.466 ملین روپے کی لاگت سے زیر تعمیر ملتان سیف سٹی منصوبہ مارچ 2025 کے پہلے ہفتے میں باقاعدہ فنکشنل ہو جائے گا۔ترجمان پولیس کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری نے ہفتہ کو یہاں سیف سٹی منصوبے کے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آر پی او نے کہا کہ پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی سیف اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،ملتان سیف سٹی منصوبے کا80 فیصد سے زائد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے،شہر کےداخلی،خارجی اور مصروف شاہراؤں پر کیمروں کی تنصیب کا عمل تکمیل کے مراحل میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے کے تحت شہر بھر میں 250 سے زائد مقامات پر لوگوں اور گاڑیوں کی نقل و حرکت کی جانچ اور نگرانی کیلئے 350 ہائی ریزولیوشن کیمرے سمیت ریڈیو فریکوئنسی ریڈرز بھی نصب کئے جارہے ہیں،منصوبے کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لانا اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنانا ہے،منصوبے سے وارداتوں میں نمایاں کمی واقع ہو گی اور جرائم پیشہ عناصر کی سر کوبی ممکن بنائی جا سکے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید ترین کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی کثیر المنزلہ عمارت کی تعمیر تکمیل کے مراحل میں ہے،سیف سٹی کنٹرول روم میں ڈیٹا سینٹر کے آلات اور ویڈیو وال سمیت دیگر جدید آلات نصب کئے جا رہے،سیف سٹی منصوبہ شہر میں جرائم کو کنٹرول کرنے اور عوام الناس کے احساس تحفظ کو بڑھانے کی جانب ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔آر پی نے کہا کہ ملتان ڈویژن کے دیگر اضلاع وہاڑی ، خانیوال اور لودھراں میں بھی عنقریب سیف سٹی منصوبے کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔