ملتان۔ 21 دسمبر (اے پی پی):تھانہ مظفر آباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ڈکیتی ،راہزنی ، چوری اور موٹر سائیکل چوری سمیت دیگر متعدد وارداتوں میں مطلوب پانچ گینگز کے 15 ملزمان کو گرفتار کر کے ایک کروڑ روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر لیا۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے ہفتہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملتان پولیس کاجرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے،
اس سلسلہ میں ایس ایچ او تھانہ مظفر آباد بشیر احمد نےٹیم کے ہمراہ مختلف کارروائیوں کے دوران ڈکیتی،راہزنی اور موٹر سائیکل چوری سمیت دیگر متعدد وارداتوں میں مطلوب پانچ گینگز کے 15 ملزمان،جن میں ادریس عرف شوٹر گینگ کےچار،طلحہ ابرار گینگ کے تین،صادق مچھی گینگ کے تین،ساجدی گینگ کے تین اور مرید گینگ کے دو ملزمان شامل ہیں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے ایک کروڑ روپے مالیت کا مال مسروقہ جس میں چوری کی 42 موٹرسائیکل اور نقدی شامل ہیں برآمد کیا۔
سی پی او نے کہا کہ پولیس ٹیم نے مذکورہ ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا،شہر اولیاسے جرائم کے خاتمے کے لیے مزید آپریشن کیے جا رہے ہیں، جلد مزید ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔اس دوران سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے گرفتار ملزمان سےبرآمد ہونے والا مال اصل مالکان کے حوالے کیا،جنہوں نے اپنا مال واپس ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔